اہم ترین

آسٹریلیا کی 125 سالہ تاریخ میں پہلی بار خاتون آرمی چیف کا تقرر

؎آسٹریلیا کی 125 سالہ عسکری تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو فوج کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے لیفٹیننٹ جنرل سوزن کوائل کی بطور چیف آف آرمی تقرری کا اعلان کیا۔

وزیر دفاع نے اس فیصلے کو انتہائی تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوزن کوائل آسٹریلیا کی تاریخ میں کسی بھی عسکری سروس کی کمان سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل سوزن کوائل کا فوجی کیریئر تین دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے جزائر سولومن، افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں خدمات انجام دی ہیں۔

اپنی تقرری کے موقع پر انہوں نے سائبر وارفیئر جیسے جدید شعبوں میں اپنے تجربے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا وسیع تجربہ اس بڑی ذمہ داری اور ان پر کیے گئے اعتماد کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

یہ تقرری ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آسٹریلوی فوج ایک بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ فوج کو جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے لانگ رینج فائر پاور، ڈرونز اور دیگر جدید ترین جنگی آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔ سوزن کوائل اب اس جدید تر ہوتی ہوئی فوج کی قیادت کریں گی۔

پاکستان