بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی آنے والی فلم ماتربھومی کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بھارت اور چین کے بہتر ہوتے ہوئے سفارتی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے، فلم کے مواد میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اب فلم میں چین کا نام کہیں بھی استعمال نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی نئی فلم ماتربھومی کا بیٹل آف گلوان تھا، جو 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان ہونے والے سرحدی تصادم پر مبنی تھی۔
مودی سرکار نے چین سے تعلقات میں خرابی کے خوف سے اس فلم پر اعتراض اٹھائے ۔ جس پر پہلے تو اس فلم کا نام بدلا گیا اور اب اس فلم میں کہیں بھی چین کا نام بھی نہیں آئے گا۔
بھارتی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سلمان خان اور ہدایت کار اپوروا لاکھیا نے فلم کا تقریباً 40 فیصد حصہ دوبارہ شوٹ کیا ہے۔ کہانی کو حقیقت سے ہٹا کر اب فکشن (فرضی کہانی) کا رنگ دے دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات متاثر نہ ہوں۔
نئی شوٹنگ کے دوران فلم میں کچھ رومانوی مناظر اور بیک اسٹوریز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سلمان خان اور چترانگدا سنگھ کی یہ فلم پہلے 17 اپریل 2026 کو ریلیز ہونی تھی، لیکن بڑے پیمانے پر تبدیلیوں اور دوبارہ شوٹنگ کی وجہ سے اس کی ریلیز فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ میکرز نے فلم کا نیا ورژن این او سی کے لیے وزارتِ دفاع کو بھیج دیا ہے، تاہم وزارت کی جانب سے حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
سلمان خان اس وقت اپنی دیگر فلمی مصروفیات میں بھی مصروف ہیں، جن میں ہدایت کار وامشی پیڈی پلی کے ساتھ ان کی اگلی فلم بھی شامل ہے جس میں نین تارا ان کے مدمقابل نظر آئیں گی۔











