اہم ترین

داؤد ابراہیم نہ ہوتے تو ستیا اور کمپنی نہ بن پاتیں: رام گوپال ورما

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما اپنے ایک حالیہ بیان کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی شہرہ آفاق فلمیں ‘ستیا’ اور ‘کمپنی’ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی زندگی اور جرائم کی دنیا سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھیں، اس لیے وہ داؤد کو اس کا کریڈٹ دیتے ہیں۔

رام گوپال ورما ہمیشہ سے اپنے متنازع اور دو ٹوک بیانات کے لیے مشہور رہے ہیں اور اس بار بھی انہوں نے روایتی بالی ووڈ سے ہٹ کر اپنا موقف پیش کیا ہے۔

معروف بھارتی جریدے فلم فیئر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رام گوپال ورما نے کہا کہ اگر داؤد ابراہیم نہ ہوتا تو میں ستیا اور کمپنی جیسی فلمیں کبھی نہ بنا پاتا۔ میں آج جو کچھ بھی کما رہا ہوں، وہ کہیں نہ کہیں اسی کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ اپنی آپ بیتی گنز اینڈ تھائیز کو بھی داؤد ابراہیم کے نام منسوب کرنا چاہتے تھے، لیکن پبلشرز نے ڈان کا نام ہٹا دیا۔

نوے کی دہائی میں جہاں بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستارے اور فلم ساز انڈر ورلڈ کی دھمکیوں سے خوفزدہ رہتے تھے، رام گوپال ورما کا دعویٰ ہے کہ انہیں کبھی ایسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، انڈر ورلڈ کے لوگوں کو میری فلمیں ستیا اور کمپنی بہت پسند آئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ میرے روحانی ساتھی بن گئے تھے اور انہوں نے مجھے کبھی تنگ نہیں کیا۔

رام گوپال ورما کے اس بے باک بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع کر دی ہے۔ جہاں کچھ لوگ اسے ان کی سچائی اور ایمانداری قرار دے رہے ہیں، وہیں ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات جرائم پیشہ افراد کی توصیف کے زمرے میں آتے ہیں۔

پاکستان