اہم ترین

عالمی کشیدگی اور معاشی اشارے: بٹ کوائن میں محتاط سرمایہ کاری

عالمی کرپٹو مارکیٹ میں بٹ کوائن کی قیمت 71,000 ڈالر کے آس پاس مستحکم ہے، تاہم سرمایہ کار کسی بڑی پیش رفت یا بریک آؤٹ کے انتظار میں محتاط نظر آ رہے ہیں۔

عالمی کرپتوایکسچینجز بٹ کوائن 70ہزار800 ڈالر کے قریب ٹریڈ ہوتا رہا۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی جیو پولیٹیکل کشیدگی، خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ تنازعات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو ابہام کا شکار کردیا ہے، جس کی وجہ سے قیمتیں ایک مخصوص حد (70000 سے 73000 ڈالر) کے درمیان رک گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اگرچہ امریکی اسپاٹ بٹ کوائن (ای ٹی ایف) میں سرمایہ کاری بڑھی ہے، لیکن یہ اتنی مستحکم نہیں کہ قیمت کو موجودہ مزاحمتی سطح سے اوپر لے جا سکے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں بڑے سرمایہ کاروں کی سرگرمی زیادہ ہے اور ایکسچینجز پر فروخت کا دباؤ کم ہو رہا ہے، جو کہ ایک مثبت علامت ہے۔ تاہم سرمایہ کار 73000 ڈالر کی سطح پر خریداری سے گریز کریں اور قیمت کے 70,000 ڈالر کے قریب آنے پر مرحلہ وار خریداری پر توجہ دیں۔

بٹ کوائن کے ساتھ ساتھ دیگر بڑی ڈیجیٹل کرنسیوں میں ملا جلا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ ایتھریم 2,200 ڈالر کے قریب ہے، جبکہ بائنانس کوائن (بی این بی) 595 ڈالر، سولانا 81 ڈالر اور ڈوج کوائن 0.091 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہے ہیں۔

کرپٹو مارکیٹ اس وقت ‘انتظار’ کی کیفیت میں ہے جہاں عالمی سیاسی حالات اور معاشی اشارے قیمتوں کے اگلے رخ کا تعین کریں گے۔ بٹ کوائن کا 70,000 ڈالر کی سطح سے اوپر برقرار رہنا مارکیٹ کے استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان