بھارتی فلم انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ میدھا شنکر نے ایک ایسا راز فاش کر دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران میدھا شنکر نے کہا کہ اس انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے صرف ٹیلنٹ نہیں بلکہ صبر اور خود اعتمادی بھی بے حد ضروری ہے۔
فلم 12ویں فیل سے شہرت حاصل کرنے والی میدھا شنکر نے انکشاف کیا کہ جہاں فلم کے سیٹ پر انہیں عزت اور احترام ملا، وہیں انڈسٹری کے بڑے ایونٹس میں انہیں بارہا عجیب اور تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
میدھا کے مطابق کچھ ڈیزائنرز نے کھلے عام یہ کہہ دیا کہ یہ ڈیزائنر تمہیں کپڑے نہیں دے گا!۔ یہ جملہ سن کر وہ لمحہ بھر کو دنگ رہ گئیں اور سوچنے پر مجبور ہوئیں کہ آخر ان کے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔
یہ معاملہ صرف ایک اداکارہ کا نہیں بلکہ انڈسٹری میں موجود اس پاور گیم کی جھلک ہے جہاں نئے چہروں کو اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ میدھا نے اگرچہ حوصلہ نہیں ہارا، مگر ان کا یہ بیان شوبز کی چمک کے پیچھے چھپی تلخ حقیقت کو بے نقاب کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ میدھا شنکر اب اپنی نئی فلم گنی ویڈز سنی 2 میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں، جو 24 اپریل کو ریلیز ہوگی۔


