ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملکی افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے شدید دباؤ کے باوجود بڑی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے اور ملک نے اپنے مسائل کے باوجود عالمی طاقتوں اور ان کے اتحادیوں کے سامنے مزاحمت کی ہے۔
ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ مخالف قوتیں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہیں، جن میں اسکول، اسپتال، جامعات اور عوامی مقامات شامل ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کو مایوسی اور شکست کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف یہ طاقتیں ایران کی ترقی کی بات کرتی ہیں، جبکہ دوسری جانب ملک کو “پتھر کے دور” میں واپس لے جانے اور تہذیب کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
صدر کے مطابق یہ رویہ واضح کرتا ہے کہ حملہ آوروں کے اصل مقاصد کیا ہیں اور وہ ایران کے خلاف کس نوعیت کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔



