پاکستانی کرکٹ ایک نئے بحران سے دوچار ہو گئی ہے، جہاں تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نواز کا نام ایک بڑے ڈوپنگ تنازعے میں سامنے آیا ہے۔
کرک انفو کے مطابق محمد نواز کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد نہ صرف ان کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ گیا بلکہ عالمی سطح پر بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ ٹیسٹ مبینہ طور پر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران لیا گیا تھا۔ جہاں نواز پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تمام میچز میں شریک رہے۔ اگرچہ ان کی کارکردگی اوسط رہی، مگر اب یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد ان کی پرفارمنس بھی سوالوں کی زد میں آ گئی ہے۔
معاملہ سامنے آتے ہی آئی سی سی نے پی سی بی کو آگاہ کیا، جس کے بعد پی سی بی نے فوری طور پر اینٹی ڈوپنگ کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی سرے کاؤنٹی نےبھی محمد نواز کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا۔ نواز کو ٹی20 بلاسٹ میں شرکت کرنی تھی، مگر اب یہ موقع ہاتھ سے نکل گیا ہے۔
تنازعے کے باوجود نواز اس وقت ملتان سلطانز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں کھیل رہے ہیں، جہاں ان کی حالیہ کارکردگی بھی خاصی متاثر کن نہیں رہی۔
اب سب کی نظریں آئی سی سی کے فیصلے پر جمی ہیں۔ اگر الزام ثابت ہو گیا تو نواز کو پابندی، جرمانہ یا لمبی معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان کے کیریئر کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔
دوسری جانب محمد نواز نے اے سیمپل ٹیسٹ کو ماننے سے انکارکردیا ہے۔ محمد نواز کے مطابق انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران کسی غیر قانونی دوا کا استعمال نہیں کیا، محمد نواز کے بی سیمپل ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، جو 30 اپریل تک آنے کا امکان ہے۔











