اداکارہ میرا نے معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے تنازع کے بعد اپنا موقف سامنے آگیا۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں بطور ہدایت کار شان کی فلم سائیکو ریلیز ہورہی ہے۔جس میں مرکزی کردار میرا نے ادا کیا ہے۔
اداکارہ میرا فلم کی پروموشن کے لئے مختلف یوٹیوبرز کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ ایسا ہی ایک پوڈ کاسٹ ارشاد بھٹی کے ساتھ بھی کیا گیا ۔
ارشاد بھٹی نے میرا سے ماضی میں ان کے ذاتی زندگی کے معاملات اور تنازعات سے متعلق سوال کئے۔ جسے میرا نے تحمل سے سنااور کوئی بھی جواب دینے کے بجائے وہ اٹھ کر چلی گئیں۔
سوشل میڈیا پر ناصرف شوبز شخصیات بلکہ عوامی سطح پر بھی اداکارہ کے طرز عمل کو سراہا گیا۔
مسلسل تنقید کے بعد ارشاد بھٹی نے اپنی جانب سے وضاحت کی کہ میرا سے وہی سوالات کیے گئے جو ان کی سابقہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق پہلے بھی بارہا میڈیا میں زیرِ بحث رہ چکے ہیں۔ ان کے مطابق ان کا مقصد کوئی ذاتی حملہ نہیں تھا۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ سوال پوچھنا صحافت کا حصہ ہے اور اگر کسی کو اعتراض ہو تو وہ اس پر معذرت کرنے کو تیار ہیں، انٹرویو میں کسی قسم کی بدتمیزی یا ذاتی حملہ نہیں کیا گیا۔
تاہم اب اس معاملے پر اداکارہ نے بھی اپنا موقف دے دیاہے۔ ٹی بی ٹی نامی یوٹیوب چینل میں پوڈ کاسٹ کے دوران میرا نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ان کی فلم سائیکو ریلیز ہورہی ہے۔ اس فلم کی تیاری میں بہت محنت اور دو سال کا عرصہ لگا۔ اس کا مقصد پاکستانی فلم انڈسٹری کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
میرا نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں عوام ان کی فلم دیکھنے سینما گھروں پر آئیں۔ اسی لئے وہ اس کی تشہیر کررہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ارشاد بھٹی نے سائیکو کی تشہیر بہت اچھے طریقے سے کی۔ انہوں نے جو بھی ذاتی نوعیت کے سوال کئے ان کا جواب وہ نہیں دے سکتیں۔ اس کا جواب ارشاد بھٹی سے ہی پوچھا جائے۔


