امریکی بحریہ کے سیکرٹری جان فیلن مستعفی، پینٹاگون نے فوری علیحدگی کی تصدیق

امریکہ کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اعلان کیا ہے کہ بحریہ کے سیکرٹری جان فیلن نے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل کے مطابق فیلن اب ٹرمپ انتظامیہ کا حصہ نہیں رہے اور ان کی ذمہ داریاں عارضی طور پر انڈر سیکرٹری سنبھالیں گے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کے گرد امریکی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فیلن کے استعفے کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم رپورٹس کے مطابق ان کے اور اعلیٰ حکام، بشمول وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، کے درمیان کئی ماہ سے اختلافات چل رہے تھے۔

جان فیلن نے مارچ 2025 میں عہدہ سنبھالا تھا اور ان کی توجہ امریکی جہاز سازی اور بحری صلاحیت کو مضبوط بنانے پر مرکوز تھی۔ ان کا استعفیٰ امریکی فوجی قیادت میں حالیہ تبدیلیوں کی ایک کڑی ہے، جس سے قبل فوج کے چیف آف اسٹاف رینڈی جارج بھی اپنا عہدہ چھوڑ چکے ہیں۔