پاکستان مصر وزرائے خارجہ رابطہ: ایران امریکا مذاکرات پر گفتگو

مصر اور پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات کے دوسرے دور کے کامیاب ہونے اور ممکنہ جنگ بندی کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی ہے۔یہ بات مصر کے وزیر خارجہ بدر عبداللطی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں ہوئی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دونوں ممالک پہلے بھی ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں شامل رہے ہیں اور خطے میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کردار ادا کرتے آئے ہیں۔

حالیہ رابطے میں دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا دوسرا دور ایسا نتیجہ دے گا جو نہ صرف جنگ بندی کو مستحکم کرے گا بلکہ کشیدگی میں مزید کمی کا باعث بھی بنے گا۔

مصری وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو میں ایران امریکا جنگ بندی برقرار رکھنے ، کشیدگی میں اضافہ روکنے، خطے میں استحکام کے لیے حالات سازگار بنانے اور بحری سلامتی جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مصری وزیر خارجہ نے خاص طور پر بین الاقوامی بحری راستوں کی آزادی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک، خصوصاً خلیجی ریاستوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن کے لیے سفارتکاری اور بات چیت ہی واحد راستہ ہے، اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ تنازع مزید نہ بڑھے۔

پاکستان اور مصر دونوں کا مؤقف ہے کہ ایران-امریکا مذاکرات کامیاب ہو کر نہ صرف جنگ بندی کو مضبوط کریں بلکہ خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بھی رکھیں۔