بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جڑے ہائی پروفائل کیس میں ایک اہم اور سنسنی خیز پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اداکارہ ریا چکرورتی کو بڑی قانونی ریلیف مل گئی ہے۔
بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے، جس کے بعد ابتدائی طور پر اسے خودکشی قرار دیا گیا۔ تاہم اس واقعے نے فوری طور پر میڈیا، عوام اور فلمی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا۔
تحقیقات کے دوران سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی بھی زیرِ تفتیش آئیں۔ ان پر مالی بے ضابطگیوں اور منشیات سے متعلق معاملات میں ملوث ہونے کے الزامات لگے، تاہم بعد ازاں سی بی آئی نے انہیں کیس میں کلین چٹ دے دی۔
ممبئی کی اسپیشل عدالت نے ریا چکرورتی، ان کے بھائی شویک چکرورتی اور والدہ سندھیا چکرورتی سے منسلک فریز بینک اکاؤنٹس کو فوری طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اس سے قبل بھارت کے وفاقی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے بھی ریا چکرورتی کو اس کیس میں کلین چٹ دے دی ہے۔ تازہ عدالتی فیصلے کے بعد اسے ریا کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی اور اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، جس نے کیس میں ایک نیا موڑ پیدا کر دیا ہے۔


