سگنل: دنیا کی سب سے محفوظ میسیجنگ ایپ

موجودہ دور میں جہاں ڈیٹا کی حفاظت ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، سگنل کو طویل عرصے سے دنیا کی محفوظ ترین میسجنگ ایپ تصور کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم، حال ہی میں روسی ہیکرز کی جانب سے کیے جانے والے حملوں نے اس کی سیکیورٹی کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

سگنل ایک ایسی میسجنگ سروس ہے جو اینڈ-ٹو-اینڈ انکرپشن پر کام کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا بھیجا گیا پیغام ایک خفیہ کوڈ کی شکل میں سفر کرتا ہے جسے صرف وصول کرنے والا ہی پڑھ سکتا ہے۔

کمپنی، انٹرنیٹ فراہم کرنے والے ادارے، یا کوئی بھی تیسرا فریق ان پیغامات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔

واٹس ایپ کے برعکس سگنل یہ ریکارڈ بھی نہیں رکھتا کہ پیغام کب اور کس کو بھیجا گیا۔

اسے کسی بڑی ٹیک کمپنی کے بجائے ایک آزاد فاؤنڈیشن چلاتی ہے، جس کا مقصد اشتہارات یا ڈیٹا کی فروخت کے بجائے صرف پرائیویسی فراہم کرنا ہے۔

اگرچہ واٹس ایپ بھی سگنل کا ہی بنایا گیا پروٹوکول استعمال کرتا ہے، لیکن سگنل کو زیادہ قابلِ بھروسہ مانا جاتا ہے۔ واٹس ایپ اپنی پیرنٹ کمپنی (میٹا) کے ساتھ فون نمبر اور آئی پی ایڈریس جیسی معلومات شیئر کرتا ہے، جبکہ سگنل ایسی کسی بھی معلومات کو محفوظ کرنے سے گریز کرتا ہے۔

کیا سگنل غیر محفوظ ہو گئی؟

جرمنی، امریکا اور نیدر لینڈز میں کئی اعلیٰ حکام اور سیاست دانوں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ لیکن یہاں ایک اہم نکتہ سمجھنا ضروری ہے سگنل کا انکرپشن سسٹم (خفیہ کوڈنگ) نہیں ٹوٹا ہے۔

ہیکرز نے سگنل کی ٹیکنالوجی میں سوراخ کرنے کے بجائے فشنگ کا سہارا لیا ہے۔

ہیکرز کیسے حملہ کرتے ہیں؟

صارفین کو جعلی سیکیورٹی الرٹس یا گروپ چیٹ میں شامل ہونے کے لنکس بھیجے جاتے ہیں۔

یہ پیغامات ایسے لگتے ہیں جیسے سگنل کی سپورٹ ٹیم کی طرف سے آئے ہوں۔

جیسے ہی صارف ان لنکس پر کلک کرتا ہے یا اپنی معلومات درج کرتا ہے، ہیکر اس کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لیتا ہے۔

ایک بار اکاؤنٹ قبضے میں آنے کے بعد، ہیکر نہ صرف پیغامات پڑھ سکتا ہے بلکہ اس شخص کے نام پر دوسروں کو پیغامات بھی بھیج سکتا ہے۔

سگنل کا مالک کون ہے؟

سگنل کی بنیاد 2012 میں مشہور کرپٹوگرافر موکسی مارلن اسپائیک نے رکھی تھی۔ اسے واٹس ایپ کے شریک بانی برائن ایکٹن کی جانب سے 50 ملین ڈالر کے ابتدائی فنڈز ملے تھے۔ اس وقت اس کی سربراہ میریڈیتھ وائٹیکر ہیں، جو گوگل کی سابق ملازم اور ڈیٹا کے تحفظ کی سخت حامی ہیں۔

سگنل اب بھی تکنیکی طور پر ایک انتہائی محفوظ ایپ ہے، لیکن انسانی غلطی کا کوئی علاج نہیں ہے۔

حالیہ حملوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ کسی بھی غیر معروف لنک پر کلک نہ کریں۔ سگنل کبھی بھی آپ سے ایپ کے اندر ذاتی معلومات یا کوڈ طلب نہیں کرتا۔اپنے اکاؤنٹ پر رجسٹریشن لاک پن لازمی فعال کریں تاکہ کوئی دوسرا آپ کے نمبر سے لاگ ان نہ کر سکے۔