ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے کی شناخت سامنے آگئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے تقریباً پچاس گز کے فاصلے سے دوڑتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر متحرک ہو گئے اور اس کی پیش قدمی روک دی۔

صدر ٹرمپ نے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کی، جس میں ایک شخص کو ہوٹل کے بال روم کی طرف دوڑتے اور فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں سیکیورٹی اہلکاروں کو فوری ردعمل دیتے ہوئے اپنے ہتھیار نکالتے بھی دیکھا گیا۔

صدر کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ایک نیم برہنہ شخص کو زمین پر قابو میں دکھایا گیا ہے، جسے مبینہ حملہ آور قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر سین کرن نے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں ذمہ داری نبھائی۔ ان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک اہلکار زندہ ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔

حکام کے مطابق 31 سالہ مشتبہ شخص کول تھامس ایلین کا تعلق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر ٹورنز سے ہے، جو لاس اینجلس کے جنوب مغربی مضافاتی علاقے میں واقع ہے۔ اسے حراست میں لے کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

واشنگٹن ڈی سی کی میئر کے مطابق ملزم پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانکی نے کہا ہے کہ حملہ آور پر جلد فردِ جرم عائد کر دی جائے گی۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔