بانی پی ٹی آئی عمران خان کو معمول کے طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔
اس دوران ان کی آنکھوں، دانتوں اور دیگر طبی پہلوؤں کا چیک اپ کیا گیا، جسے معمول کا میڈیکل معائنہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو منگل کی علی الصبح دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن کی چوتھی خوراک دی گئی۔ طبی طریقہ کار سے قبل مریض کی باقاعدہ رضامندی حاصل کی گئی اور تمام مراحل ماہرین چشم کی نگرانی میں انجام دیے گئے۔
حکام کے مطابق معائنے کے دوران عمران خان طبی طور پر مستحکم پائے گئے، جبکہ آپٹیکل کوہیرینس ٹوموگرافی (او سی ٹی) ٹیسٹ میں آنکھ کی حالت میں بہتری بھی سامنے آئی۔
پمز انتظامیہ نے بتایا کہ یہ طریقہ کار آپریشن تھیٹر میں مکمل کیا گیا اور اسے ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا۔ مریض علاج سے قبل، دوران اور بعد میں مکمل طور پر مستحکم رہا۔
علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو ضروری فالو اپ ہدایات اور دستاویزات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔


