پاکستان میں سائبر دفاع مضبوط؛ نیشنل سرٹ کا بڑا تربیتی اقدام

پاکستان نے اپنی سائبر سیکیورٹی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے، جس کے تحت نیشنل کمپیوٹر ایمرجنزی ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے افسران کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔

حکام کے مطابق اس تربیت کا مقصد ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا اور ملک کو جدید سائبر خطرات کے مقابلے کیلئے زیادہ مؤثر دفاعی نظام فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کو پاکستان کے ڈیجیٹل دفاعی ڈھانچے کی مضبوطی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تربیتی پروگرام میں نیشنل سرٹ کے تکنیکی اور آپریشنل شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی، جہاں سائبر حملوں کی روک تھام، ان کے تجزیے اور فوری ردعمل کے مربوط طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرات کی پیشگی نشاندہی اور ان کے سدِباب کے عملی طریقوں سے بھی آگاہ کیا گیا، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔