رنویر سنگھ ڈان 3 چھوڑنے کے بدلے فلمسازوں کو 10 کروڑ روپے دینے پر تیار

بالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز ڈان 3 کے تنازع میں نیا موڑ آگیا ہے، جہاں اداکار رنویر سنگھ اور پروڈیوسرز کے درمیان اختلافات کے بعد معاملہ مالی تصفیے تک جا پہنچا ہے۔

فرحان اختر کی زیر ہدایت فلم فرنچائز ڈان کی پہلی 2 فلموں میں ڈان کا کردار شاہ رخض خان نے نبھایا تھا۔ جب کہ ڈان 3 میں رنویر سنگھ نے ابتدائی مراحل میں حصہ لینے کے بعد فلم چھوڑنے کا فیصلہ کیا، جس پر پروڈکشن ٹیم نے انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے مالی نقصان کے ازالے کی درخواست کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے مبینہ طور پر پروجیکٹ سے علیحدگی کے بعد ہونے والے نقصان کے ازالے کے طور پر تقریباً 10 کروڑ روپے ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی رپورٹس ہیں کہ وہ اپنے آئندہ پراجیکٹ میں پروڈیوسرز کو حصہ دینے پر بھی رضامند ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے فلمساز اور اداکار فرحان اختر نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کسی بھی چیز کو یقینی نہیں سمجھا جا سکتا جب تک وہ اسکرین پر نہ آ جائے۔ شوبز میں اکثر غیر متوقع حالات سامنے آتے رہتے ہیں جن سے سیکھنا پڑتا ہے۔

فرحان اختر نے مزید کہا کہ ان کا کیریئر شاندار تجربات سے بھرا رہا ہے، تاہم بعض مواقع پر مشکلات بھی پیش آئیں۔ کام کے دوران آنے والی رکاوٹوں کو قبول کر کے آگے بڑھنا ہی اصل پیشہ ورانہ رویہ ہے۔