سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے معاملات میں بڑھتے مسائل کے پیش نظر حکومت نے بدھ کے روز کرکٹ بورڈ کا عارضی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق یہ اقدام ساختی اصلاحات کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ کرکٹ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
سری لنکا کی وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے مطابق آج سے بورڈ کے تمام انتظامی اختیارات وزارت کے سپرد ہوں گے، جبکہ جلد ہی ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو موجودہ مسائل کا جائزہ لے کر اصلاحات نافذ کرے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شمی سلوا نے منگل کو بطور صدر استعفیٰ دے دیا، ان کے ساتھ پوری انتظامیہ بھی مستعفی ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق سابق بینکر اور سیاستدانایرن وکرامارتنے کو نیا سربراہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ عالمی کرکٹ آئی سی سی نے 2023-24 میں سیاسی مداخلت کے باعث سری لنکا کو دو ماہ کے لیے معطل بھی کیا تھا۔


