معرف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کراچی میں تین مرتبہ ڈکیتی کا شکار ہو چکے ہیں، جہاں مسلح ملزمان ان سے گاڑی، موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ ان کے عملے کے افراد بھی جرائم کا نشانہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ملازم کے گھر میں رواں ماہ دو بار چوری کی واردات پیش آئی، جبکہ ایک اور ملازم کے بیٹے کو بھتہ نہ دینے پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
دیپک پروانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم کی صورتحال خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ مہنگائی بھی عروج پر ہے۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ردِعمل دیتے ہوئے شہر میں امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور حکام سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کے نمایاں فیشن ڈیزائنرز میں شمار ہوتے ہیں اور وہ دنیا کا سب سے بڑا کرتا ڈیزائن کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔


