پاک افغان سرحد پر کشیدگی، پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تیز

پاک افغان بارڈرز پر ایک مرتبہ پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ افغان طالبان اور شدت پسند عناصر کی مبینہ بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی اقدامات کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب اللحق کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران چمن سیکٹر میں مخالف جانب کی متعدد چوکیوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں مخالف قوتوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ ملکی دفاع اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، اور آپریشن اپنے مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔