فیفا نے آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ڈسپلنری قوانین میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اہم ناک آؤٹ میچوں میں کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کو کم کرنا ہے۔
نئے قانون کے مطابق اب گروپ اسٹیج کے بعد اور پھر کوارٹر فائنلز کے بعد تمام سنگل زرد کارڈز (یلو کارڈز) ختم کر دیے جائیں گے، تاکہ کھلاڑی اگلے مرحلے میں تازہ ریکارڈ کے ساتھ کھیل سکیں۔
فیفا کے مطابق یہ فیصلہ ٹورنامنٹ کے نئے 48 ٹیموں پر مشتمل فارمیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس میں اب راؤنڈ آف 32 کا اضافی ناک آؤٹ مرحلہ بھی شامل ہے۔ اس تبدیلی کا مقصد یہ ہے کہ بڑے اور اہم میچز میں اسٹار کھلاڑی معطلی کی وجہ سے باہر نہ ہوں۔
اس سے قبل بھی فیفا کے قوانین کے تحت کوارٹر فائنلز کے بعد یلو کارڈز ختم کر دیے جاتے تھے، تاکہ کوئی کھلاڑی سیمی فائنل یا فائنل سے محروم نہ ہو۔
نئے نظام کے تحت گروپ اسٹیج کے اختتام پر کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ صاف کر دیے جائیں گے، جبکہ کوارٹر فائنلز کے بعد ایک بار پھر یہ سہولت دی جائے گی۔
فیفا نے اسی اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا کہ ورلڈ کپ میں شریک 48 ٹیموں کے لیے مالی فنڈز میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی انعامی رقم 871 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو میں 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک منعقد ہوگا۔


