ہتکِ عزت کیس: میشا شفیع کی علی ظفر کو ہرجانہ ادائیگی فیصلے کیخلاف اپیل دائر

میشا شفیع نے علی طفر کی جانب سے دائر ہتکِ عزت کے مقدمے میں سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے کیس کے حقائق کا مکمل اور درست جائزہ نہیں لیا، جس کے باعث 50 لاکھ روپے ہرجانے کا فیصلہ قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سیشن کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کیس کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے۔

یاد رہے کہ یہ قانونی تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جنہیں علی ظفر نے مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

عدالتی کارروائی کے دوران سیشن کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ میشا شفیع پیشیوں میں باقاعدگی سے پیش نہیں ہوئیں اور اپنے الزامات کے حق میں ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہیں، جبکہ علی ظفر نے اپنے گواہان عدالت کے سامنے پیش کیے۔

اسی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ علی طفر کے حق میں سناتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جسے اب لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔