پاکستانی مزدور ملک کی معیشت کی اصل طاقت ہیں: صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین استحصال کے خاتمے اور محنت کے احترام کی ضمانت دیتا ہے

عالمی یوم مزدور کےموقع پر اپنےپیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ محنت کشوں کی تاریخی جدوجہد انسانی وقار، انصاف اور برابری کی علامت ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے ذاتی زندگی کا اصول تسلیم کیا گیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کا آئین استحصال کے خاتمے اور محنت کے احترام کی ضمانت دیتا ہے۔ پاکستانی مزدور ملک کی معیشت کی اصل طاقت ہیں، جو شہروں کی تعمیر، زراعت کی ترقی اور صنعتوں کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ اور محفوظ کام کے حالات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ جبری مشقت اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی معیارات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بھی پرعزم ہے، تاکہ مزدوروں کے حقوق کا مکمل تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ، خواتین کی شمولیت اور نوجوانوں کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کر کے ایک ایسا پاکستان بنایا جائے گا جہاں ہر مزدور محفوظ، بااختیار اور باوقار زندگی گزار سکے۔