اہم ترین

میڈونا اور لیڈی گاگا کے بعد اب شکیرا کا راج: گلوکارہ کی زندگی کا سب سے بڑا کنسرٹ

لاطینی پاپ موسیقی کی ملکہ شکیرا برازیل کے مشہور کوپاکابانا بیچ پر اپنی زندگی کے سب سے بڑے کنسرٹ کے لیے اسٹیج سنبھالنے کو تیار ہیں۔ اس مفت میگا ایونٹ میں قریباً 20 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے، جس نے پورے شہر کو ایک عالمی میوزک فیسٹیول میں تبدیل کر دیا ہے۔

کوپاکابانا بیچ پر سالانہ میگا کنسرٹس کی روایت اب ہالی ووڈ کی بڑی سپر اسٹارز کی پہچان بن چکی ہے۔ 2024 میں میڈونا نے یہاں 16 لاکھ اور گزشتہ برس لیڈی گاگا نے 21 لاکھ مداحوں کے سامنے پرفارم کیا تھا۔ اب 49 سالہ کولمبیا کی اسٹار شکیرا اپنے عالمی دورے کے حصے کے طور پر یہاں ‘واکا واکا’ اور ‘ہپس ڈونٹ لائی’ جیسے مشہور گانوں سے سماں باندھیں گی۔

گزشتہ برس لیڈی گاگا کے شو کے دوران بم حملے کی ایک ناکام کوشش کے بعد، برازیلین حکام نے اس بار سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ڈرونز اور چہروں کی شناخت کرنے والے کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ 18 سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں۔

شکیرا کا یہ کنسرٹ نہ صرف تفریح بلکہ برازیل کی معیشت کے لیے بھی بڑی خوشخبری لایا ہے۔

ریو سٹی ہال کے مطابق اس ایونٹ سے مقامی معیشت کو 16 کروڑ ڈالر کا فائدہ ہوگا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں پروازوں کی بکنگ میں 80 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔زیادہ تر سیاح ارجنٹائن، امریکہ، چلی اور کولمبیا سے برازیل پہنچ رہے ہیں۔

شکیرا کے مداحوں نے اس مقام کو ان کے گانے شی وولف کی مناسبت سے “لوباکابانا” کا نام دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاکھوں لوگ ساحل پر کھڑے 2010 کے ورلڈ کپ کے گانے واکا واکا کے رقص کے اسٹیپس سیکھ رہے ہیں۔ شکیرا، جو پرتگالی زبان پر عبور رکھتی ہیں، نے برازیل کے ساتھ اپنے خاص تعلق کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک یادگار تجربہ قرار دیا ہے۔

پاکستان