سعودی عرب نے حج 2026 کے لیے عمر سے متعلق نئی پابندی نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر افراد کے حج پر آنے پر روک لگا دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت کم عمر عازمین کو نہ صرف ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے بلکہ انہیں حج پروازوں میں سفر کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ پابندی 3 مئی 2026 سے نافذ العمل ہوگی، جس کے بعد 15 سال سے کم عمر عازمین کو ایئرپورٹس پر ہی روک دیا جائے گا۔ سعودی امیگریشن حکام نے تمام ایئرپورٹس کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اس عمر کے مسافروں کو حج پروازوں میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہ کرنے والے افراد حج کے لیے سعودی عرب جانے کے اہل نہیں ہوں گے۔ اس نئی پالیسی کے بعد ایسے تمام عازمین کے حج ویزے منسوخ تصور کیے جائیں گے۔
سعودی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس فیصلے سے متاثر ہونے والے عازمین کو مکمل رقم واپس کی جائے گی، تاکہ انہیں مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ اقدام حج انتظامات کو بہتر بنانے اور عازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ اس پر عملدرآمد کے لیے ایئرپورٹس اور متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔


