پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جہاں سچائی قدغنوں سے محفوظ ہوتی ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں اور جہاں اسے دبایا جاتا ہے وہاں امید ماند پڑنے لگتی ہے۔
آزادیِ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافت کی آزادی نہ صرف جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے بلکہ امن، معاشی بحالی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد بھی ہے۔
انہوں نے صحافی، میڈیا ہاؤسز اور ریاستی اداروں پر زور دیا کہ وہ معلومات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں اور گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کریں۔ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں اور جمہوری مکالمے کو مسخ کر دیتی ہیں۔ صحافت کی آزادی کو سچ، درستگی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے جڑا رہنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام حالات کے باوجود پیپلز پارٹی صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کی غیر متزلزل حامی رہے گی۔ فیک نیوز کا مقابلہ دباؤ سے نہیں بلکہ شفافیت، ذمہ دار صحافت اور سچ کی مضبوط روایات سے کیا جا سکتا ہے۔


