برازیل کے شہر ریو ڈی جنییرو میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے تاریخ رقم کر دی، کوپا کبانا کے معروف ساحل پر ان کے میوزک کنسرٹ میں تقریباً 20 لاکھ مداحوں کا سمندر امڈ آیا۔
اس میگا ایونٹ میں 49 سالہ شکیرا نے برازیل کے قومی رنگوں کا لباس پہن کر اسٹیج سنبھالا۔ ڈرونز کے ذریعے آسمان پر “شی وولف” (ان کا معروف لقب) کی شکل بنائی گئی، جس نے ماحول کو مزید جادوئی بنا دیا۔ شکیرا نے پرتگالی زبان میں مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ناقابلِ یقین ہے جہاں لاکھوں لوگ ایک ساتھ خوشی منا رہے ہیں۔
کنسرٹ کے دوران شکیرا نے اپنے مقبول گانے پیش کیے، جس پر شائقین جھوم اٹھے۔ اس موقع پر برازیلین گلوکارہ انیتا نے بھی ان کے ساتھ پرفارم کیا۔
یہ کنسرٹ نہ صرف میوزک کا ایک بڑا شو تھا بلکہ شہر کی معیشت کے لیے بھی اہم ثابت ہوا۔ حکام کے مطابق اس ایونٹ سے 160 ملین ڈالر سے زائد کا معاشی فائدہ متوقع ہے، جبکہ ایئر لائن بکنگ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ اسی ساحل پر اس سے قبل میڈونا اور لیڈی گاگا بھی لاکھوں مداحوں کے سامنے پرفارم کر چکی ہیں، تاہم شکیرا کے اس شو نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔











