اہم ترین

ایران میں اسرائیلی ایجنسی موساد کے 3 ایجنٹوں کو پھانسی

ایران نے تین افراد کو سزائے موت دے دی ہے جن پر الزام تھا کہ وہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کر رہے تھے اور ملک میں بدامنی پھیلانے میں ملوث تھے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، سزا پانے والوں میں مہدی رسولی، محمد رضا میری اور ابراہیم دولت آبادی شامل ہیں۔

حکام نے مہدی رسولی، محمد رضا میری کو موساد عناصر جبکہ ابراہیم دولت آبادی کو مشہد کے علاقے میں بدامنی کا سرغنہ قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق، مہدی رسولی اور محمد رضا میری پر ایک سکیورٹی اہلکار حامد رضا یوسفی نژاد کے قتل میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام تھا۔ اس کے علاوہ ان پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، لوٹ مار، اور قومی سلامتی کے خلاف سازش کرنے جیسے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

ابراہیم دولت آبادی کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ اس نے 250 سے 300 مسلح افراد کو اکٹھا کیا، جنہوں نے مشہد میں جھڑپوں کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔ان جھڑپوں میں کئی سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے، اور انسانی حقوق کے ادارے ایسے مقدمات میں شفافیت پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔

پاکستان