امریکی ویڈیو گیمز ریٹیلر گیمز اسٹاپ نے آن لائن مارکیٹ پلیس ای بےکو خریدنے کے لیے تقریباً 56 ارب ڈالر کی حیران کن پیشکش کر دی ہے، جسے ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی دنیا میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گیمز اسٹاپ نے ای بےکے حصص کے لیے 125 ڈالر فی شیئر کی پیشکش کی ہے، جو گزشتہ اوسط قیمت کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہے۔ یہ ڈیل نقد رقم اور اسٹاک کے امتزاج پر مشتمل ہوگی۔
گیمز اسٹاپ کے سی ای او ریان کوہن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کا مقصد ای بےکو ایک ایسی کمپنی میں تبدیل کرنا ہے جس کی مالیت سینکڑوں ارب ڈالر تک پہنچ سکے۔ ان کے مطابق، یہ اقدام ایمیزون جیسے بڑے ای کامرس پلیئر کے مقابلے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ اسے تقریباً 20 ارب ڈالر کی فنانسنگ کے لیے ٹی ڈی بینک گروپ کے امریکی یونٹ سے یقین دہانی بھی حاصل ہو چکی ہے، جبکہ اس کے پاس پہلے ہی 9.4 ارب ڈالر کے نقد ذخائر موجود ہیں۔
گیمز اسٹاپ کا کہنا ہے کہ اس انضمام کے بعد وہ پہلے سال میں تقریباً 2 ارب ڈالر کی لاگت میں کمی کر سکتی ہے، جس سے ای بےکی فی شیئر آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب، اگر ای بےکی انتظامیہ اس پیشکش کو قبول نہیں کرتی تو ریان کوہن نے واضح کیا ہے کہ وہ براہ راست شیئر ہولڈرز سے رجوع کرنے میں بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔
ماہرین کے مطابق، اگر یہ ڈیل مکمل ہو جاتی ہے تو یہ ای کامرس انڈسٹری میں طاقت کا توازن بدل سکتی ہے اور ایمیزون کو ایک نیا اور مضبوط حریف مل سکتا ہے۔


