پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں گزشتہ رات شہری انفراسٹرکچر پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اماراتی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر سطح پر اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جنگ بندی کا احترام اور اس پر مکمل عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مستقل امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ناگزیر ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور استحکام کو فروغ ملے۔
پاکستان کے مؤقف کے مطابق خطے میں تنازعات کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔


