مشرق وسطیٰ کشیدگی:سعودی عرب کا پاکستان کی ثالثی اور سفارتی حمایت کا اعلان

سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سعودی عرب کرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ایسا سیاسی حل تلاش کرنا ضروری ہے جو خطے کو مزید عدم استحکام سے بچا سکے۔

سعودی وزارت خارجہ نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو 28 فروری سے پہلے والی معمول کی سطح پر بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور جہازوں کی محفوظ و بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کی ضرورت اجاگر کی۔

مزید برآں، ریاض نے متحدہ عرب امارات کی شہری و اقتصادی تنصیبات پر ایران کے مبینہ ڈرون اور میزائل حملوں کی سخت مذمت کی۔ بیان میں ایک اماراتی کمپنی کے جہاز کو نشانہ بنانے کے واقعے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔

سعودی عرب نے امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی ایران پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کرے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے اصولوں کو مدنظر رکھے۔