ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم روکنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی بحفاظت واپسی اور رہنمائی کے لیے شروع کیے گئے امریکی فوجی مشن پروجیکٹ فریڈم کو قلیل مدت کے لیے روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے کی گئی خصوصی درخواست اور ایران کے ساتھ حتمی امن معاہدے کے لیے ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور دیگر دوست ممالک نے امریکا سے اس آپریشن کو فی الحال روکنے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی درخواست اور ایران کے خلاف مہم میں حاصل ہونے والی شاندار فوجی کامیابیوں کے بعد، اب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ حتمی معاہدے کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے باہمی طور پر اتفاق کیا ہے کہ جب تک مذاکرات جاری ہیں، پروجیکٹ فریڈم’ کو تھوڑے عرصے کے لیے روک دیا جائے۔

یہ مشن گزشتہ دنوں اس وقت شروع کیا گیا تھا جب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کئی تجارتی جہاز آبنائے ہرمز میں پھنس گئے تھے۔

اگرچہ صدر ٹرمپ نے بحری جہازوں کی رہنمائی کا مشن روک دیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی اس وقت تک پوری قوت کے ساتھ برقرار رہے گی جب تک امن معاہدہ حتمی طور پر طے نہیں پا جاتا۔