وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک ہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر محتاط معاشی حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے کو کنٹرول کرنے پر مرکوز ہے، جبکہ مشکل حالات کے باوجود ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور معاشی اشاریوں میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی میں کیپٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے اور چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے استحکام کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کی آگاہی اور سہولت کے لیے ادارے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایس ای سی پی میں قانونی اور ریگولیٹری اصلاحات کی ضرورت ہے، جس کے لیے حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جنریشن زی کو معاشی سرگرمیوں میں متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا اور انہیں کیپٹل مارکیٹ کا حصہ بنانا مالی شمولیت کے فروغ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے، تیل کی سپلائی جاری رکھنے اور فنڈز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث متبادل توانائی ذرائع کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت معاشی بہتری کے لیے صرف دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ این ایف سی کے حوالے سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔


