ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب عمارت میں آگ لگنے سے 8 افراد جاں بحق

ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب واقع ایک کمرشل کمپلیکس میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم آٹھ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز تہران کے مغرب میں واقع قصبے اندیشہ کے ارغوان کمرشل کمپلیکس میں پیش آیا، جہاں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریاستی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں کثیر المنزلہ عمارت کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق اس حادثے میں 41 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

مقامی حکام کے مطابق ارغوان کمرشل کمپلیکس میں 250 سے زائد دکانیں اور تقریباً 50 دفاتر موجود تھے۔ تاہم آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، اور تحقیقات جاری ہیں۔