امریکی پابندیاں نافذ کرنے والے ملکوں کو آبنائے ہرمز میں مشکلات کا سامنا ہوگا: ایران

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان اکرم نیا نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک امریکا کی جانب سے تہران پر عائد پابندیوں پر عمل درآمد کریں گے، انہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے میں یقینی طور پر مشکلات” کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق اکرم نیا نے کہا کہ ایران خطے میں اپنی پوزیشن اور دفاعی صلاحیتوں پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔

اکرم نیا نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ میں دشمن اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا اور ایرانی نظام کا سیاسی توازن بھی متاثر نہیں ہوا۔

ان کے مطابق ملک کے اندر اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط ہوئی ہے، جس کا اظہار آج بھی سڑکوں پر عوام کی موجودگی سے ہو رہا ہے۔

ایرانی فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ مخالف قوتیں ایرانی مزاحمت کو توڑنے میں ناکام رہیں اور بالآخر جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاری جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی فوجی طاقت اور صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا، اہداف کی نئی فہرست تیار کی اور دفاعی و جارحانہ حکمت عملی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔