بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی نے تصدیق کی ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کریں گی۔ یہ رنگا رنگ تقریب 12 جون کو کینیڈا کے شہر ٹورںٹو میں واقع بی ایم او فیلڈ میں منعقد ہوگی۔
نورا فتیحی اس ایونٹ میں نہ صرف اپنے رقص کا مظاہرہ کریں گی بلکہ اپنی آواز کا جادو بھی جگائیں گی۔ قطر ورلڈ کپ کے بعد یہ دوسرا موقع ہوگا جب نورا فیفا کے عالمی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں نورا فتحی کے ساتھ کئی معروف کینیڈین فنکار بھی پرفارم کریں گے، جبکہ امریکا میں ہونے والی تقریبات میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارائیں کیٹی پیری، انیتا ، لیزا اور ریما شامل ہوں گی۔
دوسری جانب نورا فتیحی حالیہ دنوں اپنے گانے “سرکے چنار” کے ہندی ورژن سے متعلق تنازع کے باعث بھی خبروں میں رہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں نورا فتحی نے کہا کہ انہوں نے تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا ہے اور ان کا مقصد کبھی کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ تنازع کے بعد گانے کا متنازعہ ورژن یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا، جبکہ گانے کی ٹیم نے بھی عوامی طور پر معذرت کرلی۔











