بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سےایک ماہ میں 3.5 ارب ڈالرکی ترسیلات زر

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپریل 2026 کے دوران 3.5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 11.4 فیصد زیادہ ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق اگرچہ ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 7.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مجموعی رجحان مثبت رہا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 10 ماہ، یعنی جولائی تا اپریل کے دوران مجموعی طور پر 33.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 31.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.5 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ 84 کروڑ 17 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 47 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔

اسی طرح برطانیہ سے 56 کروڑ 37 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 31 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔