ڈھاکا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا جہاں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا کر پاکستان پر مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میر پور میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے دن بنگلادیش نے دن کا آغاز 7 رنز سے کیا لیکن پاکستانی بولرز نے ابتدا میں ہی دباؤ ڈال دیا۔ 15 کے مجموعے پر محمد عباس نے محمود الحسن جوئے کو آؤٹ کیا جبکہ شادمان اسلام بھی صرف 10 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے۔
ابتدائی جھٹکوں کے بعد مومن الحق اور کپتان نجم الحسن شانتو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 105 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے میچ کا پانسہ ایک بار پھر بنگلادیش کی جانب موڑ دیا۔
مومن الحق 56 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، تاہم نجم الحسن شانتو نے ذمہ دارانہ کھیل جاری رکھا اور دن کے اختتام تک 58 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے۔ ان کے ساتھ تجربہ کار مشفق الرحیم 16 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے میچ کو ابھی کھلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آخری روز صورتحال کسی بھی رخ جا سکتی ہے۔
پریس کانفرنس میں سلمان آغا نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ بنگلادیش کو جلد آؤٹ کریں۔ اگر وہ 70 اوورز میں 260 رنز کا ہدف دیتے ہیں تو ہم جیت کیلئے ضرور جائیں گے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ اتنا رسک لیں گے۔


