غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ فلسطینی حکام کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد بڑھ کر 72 ہزار 740 ہو گئی ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی “وفا” کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 1 لاکھ 72 ہزار 192 سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں شہری اب بھی لاپتہ ہیں۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ 11 اکتوبر کو اعلان کردہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے مکمل طور پر نہیں رکے۔ جنگ بندی کے بعد بھی کم از کم 854 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 453 زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے مزید 770 لاشیں ملبے سے نکال لی ہیں، جس سے تباہی کی شدت اور انسانی المیے کی سنگینی مزید واضح ہو گئی ہے۔
غزہ میں مسلسل بمباری کے باعث رہائشی علاقے، اسپتال، اسکول اور بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور عالمی امدادی ادارے بارہا انسانی بحران پر شدید تشویش ظاہر کر چکے ہیں


