تیل بحران پر ٹرمپ کا بڑا اعلان، امریکا میں پیٹرول ٹیکس معطل کرنے کی تیاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے پیش نظر وفاقی پیٹرول ٹیکس معطل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پیٹرول پر عائد فیڈرل ٹیکس کو مناسب وقت تک معطل رکھا جا سکتا ہے۔

امریکا میں اس وقت فیڈرل حکومت پیٹرول پر 18.4 سینٹ فی گیلن جبکہ ڈیزل پر 24.4 سینٹ فی گیلن ٹیکس وصول کرتی ہے۔ اگر یہ ٹیکس معطل کیا گیا تو ایندھن کی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد کمی آ سکتی ہے۔

ٹرمپ کے اتحادی سینیٹر جوش ہولی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں فوری قانون سازی پیش کریں گے، جبکہ ریپبلکن رکن کانگریس اینا پالینا لونا نے بھی اسی ہفتے بل لانے کا عندیہ دیا ہے۔

امریکا میں ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ مہینوں کے دوران زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فروری کے آخر سے اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ امریکا میں ایک گیلن پیٹرول کی اوسط قیمت 4.52 ڈالر جبکہ ڈیزل 5.64 ڈالر فی گیلن تک پہنچ چکا ہے۔