پاکستان ڈھاکا ٹیسٹ ہار گیا؛ بنگلادیش کو ایک صفر کی برتری

ڈھاکا کی وکٹ پر ایک بار پھر پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، اور بنگلادیش نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

بنگلا دیش کی جانب سے جیت کے لئے 268 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز ہی تباہ کن رہا، صرف 3 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی جب امام الحق صرف 2 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔

عبداللّٰہ فضل نے 66 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر امید جگانے کی کوشش کی، مگر دوسرے اینڈ سے وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ کپتان شان مسعود صرف 2 رنز بنا سکے جبکہ سلمان علی آغا، سعود شکیل اور محمد رضوان بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بنگلادیش نے شاندار فتح اپنے نام کرلی۔

اس سے قبل بنگلادیش نے دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ کپتان نجم الحسین شانتو نے ذمہ دارانہ 87 رنز بنائے جبکہ مومن الحق نے 56 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، مگر بیٹرز کی ناکامی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

بنگلادیش کے ناہید رانا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔