جوا ایپس تشہیر کیس: ڈکی بھائی کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی سیشن کورٹ میں سوشل میڈیا سے جڑے اہم کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔ جوئے کی ایپس کی مبینہ غیر قانونی تشہیر کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع کر دی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نعیم نے کیس کی سماعت کی، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے سے متعلق فرانزک رپورٹ موصول ہو چکی ہے، جو تقریباً 2000 صفحات پر مشتمل ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق رپورٹ میں اہم ڈیجیٹل شواہد شامل ہیں اور اسے آئندہ دو روز میں مکمل طور پر عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

کیس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کی تشہیر کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید پیشرفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔