پرائمری بجٹ سرپلس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، وزارت خزانہ

وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پاکستان کے مالی اشاریوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی خسارہ جی ڈی پی کے صرف 0.7 فیصد تک محدود رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں یہ شرح 2.6 فیصد تھی، جو واضح کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ پرائمری بجٹ سرپلس تاریخی سطح پر پہنچ گیا ہے اور جی ڈی پی کے 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو پاکستان کی تاریخ کا بلند ترین پرائمری سرپلس قرار دیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں پرائمری سرپلس 3 فیصد تھا، تاہم رواں سال اس میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی نظم و ضبط اور اخراجات پر کنٹرول کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، اور معاشی استحکام کی جانب پیش رفت جاری ہے۔