امن پلان مان لو ورنہ ناکامی مقدر ہوگی: ایران کا امریکا کو دوٹوک جواب

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی ایک بار پھر خطرے میں پڑ گئی، ایران نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کا 14 نکاتی امن منصوبہ تسلیم کیا جائے، ورنہ واشنگٹن کو مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ ایرانی عوام کے حقوق تسلیم کیے بغیر کوئی حل ممکن نہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تجاویز کو “مکمل طور پر ناقابلِ قبول” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کسی بھی وقت ختم ہوسکتی ہے۔

امریکی ردعمل کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی آگئی، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی نے دنیا بھر میں توانائی بحران کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ ایران پر الزام ہے کہ وہ تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت محدود کر رہا ہے، جس سے عالمی سپلائی چین متاثر ہونے لگی ہے۔

ادھر ایران نے تہران میں جنگی مشقیں شروع کردیں، جبکہ لبنان میں اسرائیلی حملوں اور حزب اللہ کے بیانات نے خطے کو مزید خطرناک موڑ پر پہنچا دیا ہے۔ حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے خبردار کیا ہے کہ “ہم میدانِ جنگ کو اسرائیل کیلئے جہنم بنا دیں گے۔”

اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر بحران فوری حل نہ ہوا تو دنیا کو خوراک اور توانائی کے بڑے انسانی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے۔