پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بنگلا دیش کو دھچکا، شادمان اسلام سیریز سے باہر

بنگلادیش کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، اوپنر شادمان اسلام انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق شادمان اسلام کو میرپور ٹیسٹ کے دوران کیچ لینے کی کوشش میں سینے پر چوٹ لگی تھی، جس کے باعث وہ 16 مئی سے سلہٹ میں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

بورڈ حکام نے تصدیق کی کہ کھلاڑی کو چیسٹ کنٹیوشن کی انجری ہوئی ہے اور انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

شادمان اسلام کی جگہ بائیں ہاتھ کے بیٹر ذاکر حسن کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ذاکر حسن آخری بار نومبر 2024 میں ٹیسٹ میچ کھیلتے نظر آئے تھے۔

ذاکر حسن 2022 میں بھارت کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بنگلہ دیش کے پہلے اوپنر بھی بنے تھے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نے پہلے ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر رکھی ہے۔