بھارتی اداکارہ مونی رائے اور ان کے شوہر سورج نمبیار نے شادی کے چار سال بعد باضابطہ طور پر علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے باہمی رضامندی اور باوقار انداز میں اپنے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق حالیہ دنوں میں بے بنیاد افواہیں، قیاس آرائیاں اور من گھڑت کہانیاں گردش کر رہی تھیں، جنہوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنایا۔ جوڑے نے واضح کیا کہ وہ اس مرحلے کو نجی طور پر سنبھال رہے ہیں اور ایک دوسرے کے احترام کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مونی رائے اور سورج نمبیار کی شادی 27 جنوری 2022 کو بھارت کے شہر گوا میں روایتی بنگالی اور ملیالی رسومات کے ساتھ ہوئی تھی۔ اس شادی کو شوبز کی نمایاں تقریبات میں شمار کیا جاتا تھا اور دونوں اکثر سوشل میڈیا پر ایک ساتھ نظر آتے تھے۔
تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان دوری کی افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب سوشل میڈیا پر دونوں نے ایک دوسرے کی تصاویر حذف کر دیں اور ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا۔
گزشتہ روز مونی رائے نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق افواہوں اور خبروں سے گریز کی بھی اپیل کی تھی ۔
جوڑے نے اپنے بیان میں میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کریں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔


