پاکستان کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے انگلش کاؤنٹی کلب یارک شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے اور وہ ویٹالٹی بلاسٹ ٹی20 ٹورنامنٹ سمیت کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دو راؤنڈز میں بھی دستیاب ہوں گے۔
انہیں انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر ول سدر لینڈ کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
فہیم اشرف 22 مئی کو ناٹنگھم شائر کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہونے والے میچ سے اپنی مہم کا آغاز کریں گے اور ممکنہ طور پر وارکشائر اور لیسٹر شائر کے خلاف کاؤنٹی میچز میں بھی حصہ لیں گے۔
اپنے بیان میں فہیم اشرف نے کہا کہ وہ یارکشائر کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں اور کلب کے ماحول اور کھلاڑیوں کے معیار سے متاثر ہیں۔
یارکشائر کے کرکٹ جنرل منیجر گیون ہیملٹن نے فہیم کو تجربہ کار آل راؤنڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
فہیم اشرف اس سے قبل بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 85 ٹی20 میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں۔


