دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دے دیا، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستانی اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود ہیں۔
سلہٹ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز بنگلادیش نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سے کیا، 5 رنز کے اضافے کے بعد 115 پر کپتان نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ہوم ٹیم کی پانچویں وکٹ 238 رنز پر گری جب لٹن داس 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ 272 رنز پر گری جب مہدی حسن میراز 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 349 رنز پر گری، تیج الاسلام 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آٹھویں وکٹ تسکین احمد کی صورت میں گری، وہ 6 رنز بنا سکے اور نویں وکٹ 383 رنز پر گری، شرف الاسلام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آخری وکٹ 390 رنز پر گری جب مشفیق الرحیم سب سے زیادہ 137 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پہلی اننگز کی 46 رنز کی برتری کی بدولت مہمان ٹیم کو 437 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے 3، حسن علی نے 2 اور محمد عباس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستانی اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود رہے۔ یوں پاکستان کو جیت کے لئے 437رنز جب کہ بنگلا دیش کو 10 وکٹیں درکار ہیں۔


