گوگل آئی/او 2026 میں اےآئی کا دھماکا، سرچ، یوٹیوب اور ڈاکس سب بدل ڈالے

گوگل نے اپنے سالانہ ایونٹ گوگل آئی/او 2026 میں مصنوعی ذہانت (اےآئی ) سے متعلق درجنوں نئے فیچرز اور ٹیکنالوجیز متعارف کرا دیں، جہاں کمپنی کی پوری توجہ جمنئی اےآئی کو مزید طاقتور اور روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے پر مرکوز رہی۔

سندر پچائی نے اعلان کیا کہ اب صارفین صرف آواز کے ذریعے گوگل ڈاکس میں ڈاکومنٹس بنا اور ایڈٹ کر سکیں گے۔ ڈاکس لائیو نامی یہ نیا فیچر جمنئی اےآئی کی مدد سے کام کرے گا اور ٹائپنگ کی ضرورت کو کافی حد تک کم کر دے گا۔ یہ سہولت ابتدائی طور پر پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کو فراہم کی جائے گی۔

گوگل نے یوٹیوب کے لیے بھی آسک یوٹیوب نامی اےآئی سرچ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین ویڈیوز تلاش کرنے یا معلومات حاصل کرنے کے لیے براہِ راست اےآئی سے سوال پوچھ سکیں گے۔

ایونٹ کے دوران ڈیمس ہسابیس نے نیا جمنئی اومنی ماڈل پیش کیا، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پیچیدہ سائنسی موضوعات اور ریزنگ میں پہلے سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔

اسی کے ساتھ گوگل نے جمنئی 3.5 فلیش بھی لانچ کیا، جسے اب تک کا تیز ترین جمنئی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل کوڈنگ، آٹو میشن اور رئیل ورلڈ ورک فلوز میں دیگر اےآئی سسٹمز کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ رفتار سے کام کرتا ہے۔

گوگل نے اےآئی ایجنٹس کے لیے نیا پلیٹ فارم اینٹی گریویٹی 2.0 بھی متعارف کرایا، جو بیک وقت کئی اےآئی ایجنٹس کو مختلف ٹاسکس سنبھالنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پلیٹ فارم اوپن اےآئی اور اینتھروپک جیسے حریفوں کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔

جوش وُڈ ورڈ نے جمنئی اسپارک نامی نیا پرسنل اےآئی ایجنٹ بھی پیش کیا، جو ای میلز، چیٹس اور ڈاکومنٹس سے معلومات اکٹھی کرکے خودکار انداز میں مختلف کام انجام دے سکے گا۔ گوگل کے مطابق یہ اےآئی سسٹم پس منظر میں مسلسل کام کرتا رہے گا، چاہے صارف اپنا لیپ ٹاپ بند ہی کیوں نہ کر دے۔

دوسری جانب گوگل نے اپنے سرچ انجن میں بھی بڑا اےآئی اپ گریڈ متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق نیا اےآئی سرچ باکس اب صرف الفاظ نہیں بلکہ تصاویر، ویڈیوز اور فائلز کو بھی سمجھ سکے گا۔ اےآئی موڈ اور اےآئی اوور ویوز کو یکجا کرکے صارفین کو زیادہ اسمارٹ اور کنورسیشنل سرچ تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

ایونٹ میں اینڈرائیڈ ایکس آر ٹیکنالوجی کے تحت اےآئی -سے لیس اسمارٹ گلاسز بھی پیش کیے گئے، جنہیں سام سنگ کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ ان اسمارٹ گلاسز میں کوئی اسکرین موجود نہیں ہوگی بلکہ صارفین کو تمام معلومات بلٹ ان اسپیکرز کے ذریعے سنائی جائیں گی، جبکہ جمنئی اےآئی کو وائس کمانڈ یا فریم ٹیپ کے ذریعے فعال کیا جا سکے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اےآئی گلاسز رواں سال کے آخر میں مارکیٹ میں متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ جمنئی اےآئی سے متعلق کئی نئے فیچرز بتدریج دنیا بھر میں رول آؤٹ کیے جائیں گے۔