روس نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں مدد کیلئے تیار ہے، تاہم ماسکو اپنی خدمات کسی پر مسلط نہیں کرے گا۔
روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوو نے روسی خبر رساں ادارے تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی اور متعلقہ فریقوں نے درخواست کی تو روس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ روس اس تنازع کے حل کیلئے ہر ممکن مدد دینے کو تیار ہے، تاہم ہم نے کبھی اپنی خدمات مسلط نہیں کیں اور نہ ہی آئندہ کریں گے۔ اگر مناسب درخواست موصول ہوئی تو ہم مدد کیلئے ہاتھ بڑھائیں گے۔”
سرگئی ریابکوو نے زور دیا کہ ماسکو ہمیشہ سیاسی اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے اور اب بھی اسی مؤقف پر قائم ہے۔
روسی نائب وزیر خارجہ نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارت کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے صورتحال کو مستحکم بنانے اور دیرپا امن کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔


