بنگلادیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو 78 رنز سے ہرا کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
437 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ برداشت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 358 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اگرچہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 94 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
کپتان شان مسعود اور سلمان علی آغا نے 71، 71 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ بابر اعظم 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ساجد خان نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیلی، مگر دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بنگلادیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ ناہید رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شرف الاسلام اور مہدی حسن میرازنے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
میچ میں بنگلادیش نے پہلی اننگز میں 278 اور دوسری اننگز میں 390 رنز اسکور کیے، جبکہ پاکستان پہلی اننگز میں 232 رنز ہی بنا سکا تھا، جس کے باعث گرین شرٹس پورے میچ میں دباؤ کا شکار رہے۔
شاندار بیٹنگ پر لٹن داس کو پلیئر آف دی میچ جبکہ تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔


